’’صحافی خشوگی قتل‘‘ ذمہ دار محمد بن سلمان نمائندہ خصوصی اقوام متحدہ سعودی وزیر خارجہ نے الزام مسترد کر دیا

Jun 20, 2019

لندن (صباح نیوز)ماورائے عدالت قتل پر اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی نے مقتول سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلی حکام کو قانوناً ذمہ دار قرار دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی ایگنس کالمارڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمال کے قتل کے شواہد پر عالمی سطح پر آزادانہ تفتیش ضروری ہے۔نمائندہ خصوصی نے جمال خشوگی کے قتل کی سعودی عرب میں ہونے والی تحقیقات کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہیکہ ٹرائل عالمی معیار کے مطابق نہیں ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق کالمارڈ نے مزید کہا ہے کہ جمال کے قتل پر ٹھوس شواہد موجود ہیں جو اس بات کی ضمانت ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر اعلی حکام سے انفرادی طور پر مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔کالمارڈ نے سعودی عرب میں جمال خشوگی قتل کیس میں نامزد 11 ملزموں کا ٹرائل بھی معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور خاشقجی کے قتل کو عالمی جرم قرار دیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا رپورٹ میں بے بنیاد الزامات اور متضاد باتیں ہیں۔ یہ قابل اعتبار نہیں مسترد کرتے ہیں۔

مزیدخبریں