لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق چیف سلیکٹر عامر سہیل کو عالمی کپ میں اہم ذمہ داریاں دیئے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ دونوں سے بات چیت کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے وسیم اکرم اور عامر سہیل کو غیر ملکی کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو فارغ کرنے کے بعد اہم ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ وسیم اکرم کو قومی ٹیم کا ڈائریکٹر، ہیڈ کوچ جبکہ عامر سہیل کو چیف سلیکٹر مقرر کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلہ ساز عالمی کپ کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے پر متفق ہو چکے ہیں۔ عالمی کپ کے بعد دونوں کو" گڈ بائے" کہہ دیا جائے گا۔ وسیم اکرم اور عامر سہیل مکمل اختیارات کے ساتھ نئی اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ بظاہر پی سی بی کے ایک طرف مکی آرتھر اور انضمام الحق کو تسلیاں دے رہا ہے تو دوسری طرف متبادل پر بھی کام کر رہا ہے۔ عامر سہیل ماضی میں بھی چیف سلیکٹر اور ڈائریکٹر گیم ڈیویلپمنٹ کے عہدے پر رہ چکے ہیں جبکہ وسیم اکرم انڈین پریمیئر لیگ اور پاکستان سپر لیگ میں بھی کام رہے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وسیم اکرم کو کرکٹ کمیٹی میں بھی شامل کیا تھا۔ سابق کپتان کو نوے کی دہائی میں ہونیوالی میچ فکسنگ میں جسٹس قیوم انکوائری میں پاکستان کرکٹ میں کوئی بھی اہم عہدہ نہ دینے کی سفارش کی گئی تھی اس دور میں وسیم اکرم اور عامر سہیل کے تعلقات بھی اچھے نہیں رہے۔ جسٹس قیوم انکوائری میں بھی عامر سہیل نے وسیم اکرم کے کردار پر تنقید کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سابق کپتانوں سے ابتدائی طور پر بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے تاہم حتمی فیصلہ عالمی کپ کے بعد ہی کیا جائے گا۔ وسیم اکرم اور عام سہیل ابتدائی مرحلے میں ہونے والی بات چیت میں مکمل اختیارات کے پاکستان کرکٹ بورڈ میں کام کرنے پر نیم رضامندی ظاہر کی ہے۔