کریکر حملے کی اطلاع ملتے ہی عباسی شہید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے لیاقت آباد نمبر10میں ہونے والے کریکر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کراچی کا امن تباہ کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ کریکر حملے کی اطلاع ملتے ہی عباسی شہید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور متعلقہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو فوری ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی گئی تاکہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبّی امداد فراہم کی جائے۔ کریکر حملے میں سات افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا۔ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال پہنچنے پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کو ہدایت کی کہ وہ فوری ہسپتال پہنچیں اور نگرانی کے فرائض انجام دیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد کراچی میں امن قائم ہوا ہے اسے کسی صورت خراب نہیں ہونا چاہیے۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں پانی، سیوریج،ٹریفک سمیت متعدد مسائل پہلے سے ہی موجود ہیں اور شہری ان مسائل کے سبب ذہنی اذیت کا شکار ہیں اس لیے کراچی مزید کسی حادثے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ میئر کراچی نے زخمیوں سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن