لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں دن بھر شدید گرمی کے بعد گزشتہ شام کے اوقات میں گرد آلود ہوائوں کے ساتھ مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز کشمیر، اسلام آباد/ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہائوالدین، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں تیز آندھی کے ساتھ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آج ہفتہ کے روز بھی کشمیر، اسلام آباد/ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، ناروال، گجرات، منڈی بہائوالدین، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے (گرد آلود ہوائیں جلنے) کا امکان ہے۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ ہفتے سے باقاعدہ مون سون بارشوں کی خوشخبری سنا دی ہے۔ آج اسلام آباد میں پہلی پری مون سون بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ پیشگوئی کے مطابق 25 جون سے باقاعدہ مون سون بارشوں کا امکان ہے۔