اسلام آباد، بیجنگ، برطانیہ (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ شہنوا) پاکستان میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ68 ہزار 564 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 294 تک جاپہنچیں۔ 5387 نئے کیسز اور 129 اموات کا اضافہ ہوا۔ یہی نہیں بلکہ پاکستان دنیا بھر میں اس وقت کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں 13ویں نمبر پر آگیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 2 ہزار 894 کے نتائج مثبت آئے۔ متاثرہ افراد کی تعداد 65 ہزار 163 ہوگئی۔ سندھ میں ایک روز میں ریکارڈ 49 اموات بھی سامنے آئیں، تعداد ایک ہزار 13 ہوگئی ۔673 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 113 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ایک ہزار 691 مریض صحتیاب ہوگئے، تعداد 32 ہزار 725 ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 1540 نئے کیسز اور 63 اموات کا اضافہ ہوا۔ 24 گھنٹوں میں 1540 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی، تعداد 61 ہزار 678 تک پہنچ گئی۔ اموات کی تعداد 1202 سے بڑھ کر 1265 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے304 نئے مریض جبکہ ایک موت کی تصدیق کی گئی۔ مجموعی کیسز 9 ہزار 941 تک پہنچ گئے۔ اموات 95 ہوگئی۔ خیبر پی کے میں مزید 16 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے مزید 12 مریض سامنے آگئے۔ مجموعی تعداد 1213 سے بڑھ کر 1225 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس نے مزید 29 افراد کو اپنا شکار کیا۔ مجموعی تعداد 769 تک پہنچ گئی۔ ملک میں 2 ہزار 168 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔ تعداد 59 ہزار 215 سے بڑھ کر 61 ہزار 383 ہوگئی۔ملک میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل پانچویں دن گذشتہ تین ہفتوں کے مقابلے میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ پورے پاکستان میں 103 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 503 ہو گئی ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی خریداری کی جا رہی ہے جس میں جولائی کے وسط تک ایک ہزار 500 سے زائد وینٹی لیٹرز کا اضافہ ہوگا۔ ملک بھر میں 2 ہزار 150 اضافی آکسیجن کی سہولت والے بستروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولت والے بستروں کی تعداد میں اضافہ ہو سکے۔ اس منصوبے کے تحت آزاد کشمیر میں 60، بلوچستان میں 200، گلگت بلتستان میں 40، اسلام آباد میں 450، خیبرپختونخوا میں 400، پنجاب میں 500 اور اسی طرح سے سندھ میں بھی 500 آکسیجن کی سہولتوں والے بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ جولائی کے وسط میں ٹیسٹوں کی گنجائش میں 65 فیصد تک اضافہ ہو گا اور روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں اب تک کرونا سے اموات کی تعداد 3 ہزار 93 ہے جن میں 73 فیصد مرد ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 824 کرونا کے ٹیسٹ کئے گئے۔ ابھی تک ملک بھر میں اس مرض کو شکست دینے والوں کی تعداد 61 ہزار 383 ہے۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔ ملک بھر میں 546 کرونا کے مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، اس وقت ملک میں کرونا کے کل ایکٹو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 450 ہے اب تک ملک بھر میں 10 لاکھ 11 ہزار 106 ٹیسٹ کئے گئے ہیں اور کرونا کے علاج کیلئے مخصوص 809 ہسپتالوں میں 7 ہزار 496 مریض داخل ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کرونا کے حوالہ سے حکمت عملی میں فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا پر بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد ایک ایسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جہاں کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہیتلھ ورکرز شکایت درج کرا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ہیلپ لائن نے جمعہ سے اپناکام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلپ لائن کا مرکز این سی او سی ہو گا، ہیلتھ ورکرز دو طریقوں سے اپنی شکایت بھیج سکیں گے۔ ہیلتھ کیئر ورکرز 1166 کے علاوہ خصوصی واٹس ایپ نمبر پر بھی اپنی شکایت درج کرا سکیں گے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ واٹس ایپ چیٹ باٹ میں ہیلتھ کیئر ورکرز اپنی شکایت لکھ کر بھیج سکتے ہیں۔کرونا سے لڑتے ہوئے فیصل آباد میں ایک اور ڈاکٹر جاں کی بازی ہار گیا۔ ڈاکٹر قمر خلیل میں چار جون کو کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ خلیل قمر یونیورسٹی آف زراعت فیصل آباد میں میڈیکل آفیسر تعینات تھے۔ سرگودھا میں کرونا وائرس میں مبتلا دو ڈاکٹرز انتقال کر گئے جس کے بعد ضلع بھر میں اب تک کرونا سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کی تعداد 4ہو گئی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہپستال سلانوالی کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منور علی اور نجی میڈیکل کالج کے ڈاکٹر ارشاد نبی کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پی ایم اے کے تعزیتی اجلاس میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ نے گھر گھر جاکر کرونا کی ٹیسٹنگ کا عمل معطل کر دیا۔ ترجمان محکمہ صحت نے کہا ہے کہ گھر گھر جانے والی ٹیم کے کئی ارکان خود کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ گوجرانوالہ ڈویژن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8افراد جاںبحق جبکہ مجموعی طور پر 109افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ برطانیہ میں کرونا کا خطرہ وبا سے کم کرکے تیزی سے پھیلنے والی بیماری تک کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چیف میڈیکل آفیسرز کا کہنا ہے کہ انگلینڈ‘ ویلز‘ سکاٹ لینڈ اور آئر لینڈ میں کرونا کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ خطرے کا لیول کم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وباء ختم ہو گئی۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اتحاد کے ذریعہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تعاون کے نمونے کے طور پر بیلٹ اینڈ روڈ کی ترقی کیلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ یہ بات انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ بین الاقوامی تعاون پر اعلی سطح کی ویڈیو کانفرنس میں اپنے تحریری بیان میں کہی۔ صدر شی نے کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ شہریوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے صحت کا نمونہ، معاشی و معاشرتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے ترقی کا نمونہ اورترقی کی صلاحیتوں کو غیر مقفل کرنے کے لئے شرح نمو کا نمونہ ہوگا۔ جرمنی کی ریاست شمالی رہائن ویسٹ فالیا (این آرڈبلیو) میں ایک مذبح خانہ میں کام کرنے والے تقریبا 730 کارکنان کے نوول کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، یہ بات جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے رپورٹ کی ہے۔ مقامی حکام نے ضلع گوئیٹرسلوہ کے رہیداویڈن بروک میں واقع ٹوئینیزگروپ کے گوشت پیک کرنے والے پلانٹ کو بدھ کے روز عارضی طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے۔