اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے 16 جون کو دوحہ کا دورہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دو روزہ دورے کے دوران نمائندہ خصوصی نے طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی اور دیگر طالبان رہنماؤں سے بھی ملے۔ ملاقاتوں میں افغان امن عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ نمائندہ خصوصی صادق خان نے کہا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ آرمی چیف کا حالیہ دورہ افغانستان نہایت سود مند رہا ہے۔ آرمی چیف کے دورہ افغانستان سے پاکستان کی افغان امن کوششوں کو نئی قوت ملی ہے۔ طالبان کا امریکہ کے ساتھ معاہدے پر عمل کا عزم قابل تعریف ہے۔ امریکہ طالبان معاہدے کے تحت قیدیوں کی رہائی‘ بین الافغان مذاکرات کا اہم سنگ میل ہو گا۔