لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں اضافہ کے بعد سے پاکستان میں سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ایک تولہ سونا ایک لاکھ سات سو روپے کا ہو گیا۔ جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار چار سو روپے کے اضافے سے ایک لاکھ سات سو روپے کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار سات سو چھتیس ڈالر سے تجاوز کر گئی، چار روز کے دوران پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں دو ہزار سات سو روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور ڈالر مزید اٹھائیس پیسے مہنگا ہو گیا۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت28 پیسے اضافہ سے 167 روپے 20 پیسے ہو گئی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 28 پیسے کے اضافے سے 166 روپے 63 پیسے رہی۔