اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کو جمعہ کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے مویشی منڈیوں اور عیدالاضحـٰی کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ فریقین بالخصوص علماء کرام کی مشاورت سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ حکمت عملی کے تحت جانوروں کی قربانی کا طریقہ کار، اجتماعی قربانی، آن لائن بکنگ، سول انتظامیہ اور مقامی کمیٹیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کیلئے مرکزی انتظامات کا طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے قواعد و ضوابط مرتب کر دیئے جائیں گے، صوبوں کے پاس ضروری اقدامات کے لیے ایک ماہ کا وقت ہوگا۔ عیدالاضحٰی پر جانوروں کی قربانی سے متعلق طبی ایس او پیز وزارت صحت مرتب کرے گی۔ ہسپتالوں میں آکسیجن کے استعمال اور دستیابی سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ وزارت صحت، وزارت صنعت اور این ڈی ایم اے ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزارت صحت، وزارت صنعت اور این ڈی ایم اے کو کو ہر قسم کے آکسیجن سے لیس بستر کی مطلوبہ ضروریات اور بیماری کے تناظر میں درست طلب سے آگاہ کرے گی تاکہ سلنڈرز اور آکسیجن کی خریداری ضرورت کے مطابق یقینی بنائی جا سکے۔ آکسیجن گیس سپلائی گاڑیوں اور سامان لے جانے والے ٹینکرز کو 24 گھنٹے آمدورفت کی سہولت فراہم کریں گے۔
قربانی‘ گوشت تقسیم‘ آن لائن بکنگ کا طریقہ کار وضع کیا جائیگا: اعجاز شاہ
Jun 20, 2020