وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے”ٹڈی دل“ پاکستان کی بنیادوں کو کھا چکے ہیں۔ سابق ادوار میں یہ ”ٹڈی دل“ پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے۔ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں آج بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کے باعث عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانا کا واحد راستہ ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے اور کرپٹ عناصر کے بے لاگ احتساب سے ہی پاکستان اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ سے سب سے شفاف حکومت ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا کے قومی مسئلے کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی کوشش کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا سے پیدا ہونے والے غیر معمولی حالات میں بھی عوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا یہ منفی رویہ نہ صرف قابل افسوس بلکہ قابل مذمت بھی ہے۔کورونا پر قومی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش سے اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو گئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو جوش کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کے نئے ریکارڈ بنانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے۔ اپنے دور میں بد عنوانیوں کے ذریعے ملک کو کنگال کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مشکل حالات میں عنان حکومت سنبھال کر ملک کو صحیح راستے پر گامزن کیا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت عوام کو لوٹنے والے ہر مافیا کے خلاف نبرد آزما ہے۔
سابق ادوار میں کرپشن کے ”ٹڈی دل“ پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرتے رہے:عثمان بزدار
Jun 20, 2020 | 21:19