اسمبلی کارروائی کو ہمیشہ پُرامن رکھنے کیلئے کرداراداکیا:تحریک انصاف خواتین ارکان اسمبلی 

Jun 20, 2021

اہور(لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کی خواتین ارکان اسمبلی نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور بلاول زرداری کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کسی ڈھونگ سے کم نہیں تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ اسمبلی کی کارروائی کو پُرامن چلانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے مگر اپوزیشن ہٹ دھرمی سے باز نہیں آ رہی ہے، حمزہ شہبازکی پنجاب اسمبلی میں تقریر جھوٹ کا پلندہ ہے۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں عوام دشمن بجٹ پیش کیا ہے، جس کو پی ٹی آئی مسترد کرتی ہے، سپریم کورٹ کے تاریخی الفاظ ہیںکہ سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، کراچی سمیت سندھ بھر میں مافیا کا راج ہے، تیرہ سالوں سے پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل حل کرنے میںبرُی طرح ناکام ہو چکی ہے۔ رکن قومی اسمبلی شنیلاروتھ نے کہاکہ سیاہ ترین واقعات سے ن لیگ کی تاریخ بھری پڑی ہے، اپنی بات سے مکرنان لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے،، ن لیگیوں نے مائوں بہنوں کی عزت کرنا نہیں سیکھی،ان کی گھٹیا حرکتوں سے پاکستان کی عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ احمد ملکہ نے کہاکہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے آج بھی ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے تھکتے نہیں، حمزہ شریف نے ن لیگ کے دورحکومت میں صوبے میں لوٹ مار بازار گرم کر رکھا تھا، شریف خاندان اور ان کی اولادوں کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے، شہبازشریف ، حمزہ شہباز نے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کی جس کا انہیں حساب دینا پڑے گا۔

مزیدخبریں