لاہور (سٹاف رپورٹر) اردوزبان میں کمال حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اردوکی عمارت تعمیرکرنے والی زبانوں عربی اور فارسی سے اپنا رشتہ مضبوط کیاجائے ۔یہ بات نامور مصری سکالر ڈاکٹرسمیرعبدالحمیدابراہیم نوح کی یاد میں پنجاب یونیورسٹی ادارئہ زبان و ادبیات اردو کے زیر اہتمام اورینٹل کالج کے شیرانی ہال میں بین الاقوامی سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔سیمینار ڈائریکٹرپروفیسرڈاکٹرزاہدمنیرعامرکی صدارت ہوا جس میں پاکستان، جاپان اور مصر کے دانشوروں نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر اقبال شناس پروفیسرڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی،ادارئہ ثقافت اسلامیہ لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹرسیدمظہرمعین اور ممتاز اسکالر،ماہنامہ المنبرکے مدیراعلی ڈاکٹر زاہد اشرف نے شرکت کی۔ڈاکٹر سمیر عبد الحمید نوح، جامعہ قاہرہ،مصرسے ایم۔اے کا امتحان پاس کرنے کے بعدپی ایچ ڈی کے لیے پاکستان آگئے تھے وہ ’’شروع ہی سے علم وادب کے شوقین تھے، اخلاق حسنہ اور عاداتِ جمیلہ سے متصف تھے۔ ان کی کتابوں کی تعداد ستر کے قریب ہے اورپچاس سے زائد بین الاقوامی کانفرنسز میں شرکت کی اور 60 سے زائد تحقیقی و علمی مقالات پیش کیے۔