بوسیدہ نظام ، جھوٹ بولنے والوں سے جان چھڑانا ہوگی : سراج الحق 

Jun 20, 2021

 فیصل آباد (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ  بوسیدہ نظام اور ہر وقت جھوٹ بولنے والوں سے جان چھڑانا ہوگی۔ یہ بات انہوں نے  ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں اپنے دورہ کے دوسرے روز مختلف تقریبات میں شرکت کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، نائب امیر میاں محمد اسلم، امیر جماعت وسطی پنجاب جاوید قصوری، صدر علماء و مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد اور فیصل آباد کے امیر محبوب الزمان بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈسٹرکٹ بار میں خطاب کے موقع پر صدر بار اختر علی ورک نے امیر جماعت کو سپاسنامہ پیش کیا اور فیصل آباد آنے پر انہیں خوش آمدید کہا۔ عشائیہ تقریب میں سابق میئر فیصل آباد ملک محمد اشرف، سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس، رانا سکندر اعظم، تاجر رہنما اسلم بھلی و دیگر شریک تھے۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی کا حصہ بننے والے قافلے کو مبارکباد اور خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر نوجوانوں کو منظم کر ے گی اور خواتین کی الگ تنظیمیں قائم کی جائیں گی۔ مختلف سیاسی شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ ملک میں بدامنی کا راج ہے اور معیشت ڈانواں ڈول ہے۔  تاجروں سے گفتگوکرتے ہوئے امیر جماعت نے اسلام کی سنہری تاریخ کے واقعات پیش کیے اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ اپنا کاروبار اسلامی اصولوں کے مطابق کریں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ملک کے تمام تاجر پریشان ہیں اور ٹیکسوں کی زد میں ہیں۔ ان پریشانیوں اور مصیبتوں سے جان چھڑانے کا واحد حل اسلامی نظام کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تاجر، کسان، مزدور، طالبعلم اور مختلف طبقہ فکر کے لوگ متحد ہو کر جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہاکہ  آٹا، چینی، ادویات اور راولپنڈی رنگ سکینڈلز وزیراعظم کا منہ چڑا رہے ہیں۔ جب تک احتساب کا نظام صاف اور شفاف نہیں ہو جاتا کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ نیب کا ادارہ خود قابل احتساب ہو چکا ہے۔

مزیدخبریں