لاہور (سپورٹس رپورٹر) سنوکر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک مقبول کھیل ہے اور پاکستان سپورٹس بورڈ سپورٹس کمپلیکس میں موجود سنوکر کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کریگا۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ، کرنل (ر) محمد آصف زمان نے چیئرمین پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن عالمگیر اے شیخ اور صدر پی بی ایس اے، جاوید ایچ کریم سے یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔سنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے فیڈریشن کی 10 سالہ کارکردگی اور مستقبل کی تیاری پر روشنی ڈالی اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومت / پی ایس بی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈائریکٹر جنرل نے فیڈریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سنوکر کا کھیل اولمپک میں شامل نہیں تاہم یہ ملک کے ہر گوشے میں مقبول ہے۔