انگلینڈ پاکستان سیریز نشر نہ کرنے کا کشمیر پالیسی سے کوئی تعلق نہیں: نجم سیٹھی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت کا انگلینڈ پاکستان سیریز نشر نہ کرنے کے فیصلے کا کشمیر پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اگر پاکستان ٹیلی ویژن اگلے ماہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی دوطرفہ سیریز کو نشر کرنے سے قاصر ہے تو اس کی وجہ یہ ہوگی کہ وہ رقم ادا کرنے کیلئے تیار نہیں جو براڈ کاسٹر اس سیریز کو پاکستان میں ٹیلی کاسٹ کرنے کیلئے مانگ رہا ہے۔ کشمیر کے نام کو استعمال کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے یہ سب ڈرامہ چلایا جارہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ حکومت دباؤ کے حربے استعمال کررہی ہے اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے براڈکاسٹر جو ایک بھارتی کمپنی ہے کے ذریعے مانگی جانیوالی رقم کو کم کروانے کی کوشش میں ہے۔نجم سیٹھی نے پاکستانی شائقین کو یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی وی انگلینڈ اور دیگر ٹیموں کیخلاف ہوم سیریز ٹیلی کاسٹ کریگی۔ پاکستان میں شامل کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ سیریز کے ٹیلی کاسٹ کرنے جیسے معاملات کو ماضی میں کبھی بھی وفاقی کابینہ سے کسی منظوری کی ضرورت نہیں تھی۔ یہ ایک طویل عرصے سے پی ٹی وی کی روایت تھی کہ وہ ہر میچ دکھائے جس میں قومی ٹیم شامل ہو چاہے وہ دنیا کے کسی بھی علاقے میں کھیلا جائے۔اگر نشریات میں بھارت کی شمولیت کوئی ایسا مسئلہ ہے تو انہیں پی ایس ایل کا حصہ بننے کے وقت کیوں کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔

ای پیپر دی نیشن