کرونا ویکسین کی قلت 90فیصد سنٹرز بند دوسری ڈوز بھی نایاب شہری رل گئے

ملتان‘رحیم یارخان (خصوصی رپورٹر ‘ بیورورپورٹ) ملتان سمیت صوبہ  بھر میں کورونا ویکسی نیشن کی قلت پانچواں روز بھی شدت اختیار کر گئی۔ضلع کے 22 ویکسی نیشن سینٹرز پر کورونا فرسٹ ڈوز کے بعد سیکینڈ ڈوز بھی نایاب  شہری رل گئے، تفصیل کے مطابق ضلع ملتان میں کورونا ویکسینیشن کی فرسٹ ڈوز کے لئے سائنو فارم اور کین سائنو چائنیز ویکیسن نایاب ہو چکی ہیں جبکہ سائنو ویک جس کو بطور سکینڈ ڈوز لگانے کی اجازت دی گئی تھی اسکا بھی محدود سٹاک ہونے کے باعث نہایت کم تعداد میں شہریوں کو سکینڈ ڈوز لگائی جا رہی ہے جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں شہریوں کا کہنا تھا ایک جانب حکومت ویکسین لگوانے کا کہہ رہی ہے دوسری جانب سینٹرز پر ویکسین موجود ہی نہیں ہے حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث دھکے کھانے پر مجبور ہیں ادھر اوور سیز پاکستانیوں کے لئے ایسٹرازینیکا ویکسین کی بھی 3500 خوراکیں ملتان محکمہ صحت کو موصول ہو گئی تھیں  اس حوالے سے ڈی ایچ او فرسٹ ڈاکٹر علی مہدی نے بتایا کہ ایسٹرازینیکا ترجیحاً صرف اوور سیز کو لگائی جا رہی ہے جبکہ فائزر ویکیسن جو نشتر ہسپتال کو دی گئی ہیں جو کہ صرف آرگن ٹرانسپلانٹیشن کینسر اور ایچ آئی وے میں مبتلا افراد کو میڈیکل ریکارڈ چیک کرنے کے بعد لگائی جا رہی ہے۔  کرونا ویکسین کی بدستور قلت کا سامنا ہے، نوے فیصد ویکسنیشن سنٹرز بند ہیں جو چل رہے ہیں وہاں بہت زیادہ ہجوم ہے۔ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز کے لئے ملتان شہر میں ویکسی نیشن کا عمل بری طرح متاثر رہے گا، انتظامیہ کے پاس سٹاک ہی موجود نہیں ہے ،ملتان انتظامیہ نے مجبورا ویکسینیشن سنٹرز کو دو روز کے لئے صفائی ستھرائی کے نام پر بند کرنے پر غور شروع کیا تھا جس پر اب باقاعدہ فیصلہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ ملتان میں کل 13 ویکسینیشن سنٹرز ہیں ان میں سے صرف 5 سنٹرز پر وقفے وقفے سے ویکسینیشن ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن