کراچی (نیوزرپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری دی ہے کہ نئے سال میں شہری نئی سڑکیں، انڈر پاسز اورفلائی اوورز بنتے دیکھیں گے اور یہ سب کچھ سندھ حکومت اپنے فنڈز کو استعمال کرتے ہوئے یہ کام کریگی۔ سندھ اسمبلی کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے سائیٹ کے صنعتی ورکرز سے وعدہ کیا تھا اور اس کی تکمیل ہورہی ہے۔ کراچی سائیٹ زون میں نئی 15 سڑکوں کا افتتاح ہوگیا جبکہ ماڑی پور روڈ کو مکمل کردیاگیا ہے، کراچی شہرکے لیے نئے مالی سال میں نئے منصوبے شامل کئے گئے ہیں، مرتضی وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کسی نعرے اور وعدے کو پورا نہیں کیا، ملیرلنک روڈ اور ملیر ایکسپریس وے اس کے علاوہ ہے، وعدے تو وفاقی حکومت نے بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے سوال کریں کہ انہوں نے کون سا اعلان یا وعدہ پورا کیا، وزیراعظم کے پروپیگنڈے اور سازشوں کے باوجود پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے موجود ہے، پیپلزپارٹی سندھ کی عوام کے مفاد میں کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں دیکھا کہ حکومت قومی اسمبلی میں احتجاج کرے، پی ٹی آئی دور میں حکومتی ارکان بجٹ سیشن میں ہنگامہ کررہے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے غربت افلاس بیروزگاری اور مہنگائی پر بات کی، کارکردگی بتانے کے بجائے حکومت ذاتیات پر اتر آئی ہے، ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کہ جن لوگوں کو کراچی نے طاقت دی انہوں نے شہر کو نظر انداز کیا جب ان کے پاس سب اختیارات تھے تو کراچی کے لیے کیا کیا؟ کراچی کی مردم شماری کم دکھانے پر ایم کیو ایم کیوں خاموش رہی؟ کیا حیدرآباد میں یونیورسٹی بن گئی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم اب اپنے نعروں سے لوگوں کو ورغلانے کی کوشش کررہی ہے، ایم کیوایم اپنی سیاست کو بچانے کے لئے تفریق کو پروان چڑھارہی ہے، ہم نے تفریق اور منفی سیاست کا خاتمہ کیا۔