اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کو افغانستان میں کارروئی کے لیے اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد سی آئی اے کو سرحد پار انسداد دہشت گردی کے مشنز کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی بالکل اجازت نہیں دے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں فضائی آپریشن کے لیے ائربیس نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی طرح افغانستان کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے۔ ممکن ہی نہیں کہ ہم امریکہ کو افغانستان میں کارروائی کے لیے پاکستان میں اڈے دیں۔ امریکی چینل کو انٹرویو میں جب میزبان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا آپ امریکی حکومت کو اجازت دیں گے کہ سی آئی اے یہاں پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مشنز سر انجام دے سکے؟ اس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بالکل نہیں، اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ ہم اجازت دیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طرح کے اڈوں یا پاکستانی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کی بالکل اجازت نہیں دیں گے۔ امریکی ٹی وی چینل ایچ بی او کو پاکستان کے وزیراعظم کا دیا گیا یہ انٹرویو اتوار کی شام نشر کیا جائے گا۔