لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2021 کے تحت مختلف مقابلوں میں جیتنے والے فنکاروں کے اعزاز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی تھے۔ عثمان بزدار نے مقابلے جیتنے والے فنکاروں میںنقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو، صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر ثمن رائے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد رضوان شریف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ثقافت کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ ماضی میں شعبہ ثقافت کو نظر انداز کیاگیا۔ اس پروگرام کو آئندہ پنجاب حکومت نے اپنا الگ ٹی وی چینل شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ پنجاب حکومت کے ٹی وی کے ذریعے نئے ٹیلنٹ کو پروموٹ کریں گے جبکہ لاہور کے پاک ٹی ہائوس کی طرح پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی دانشوروں، شاعروں اور فنکاروں کیلئے پاک ٹی ہائوس قائم کئے جائیں گے۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام نوجوان فنکاروں کو اپنی خداد داد صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کیلئے مؤثر پلیٹ فارم ہے اور اس پروگرام کے ذریعے فن موسیقی، فائن آرٹس، علم و ادب، دستکاری اور تھیٹر میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو آگے آنے کا بہترین موقع ملا ہے۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم اس سرمائے کی نہ صرف حفاظت کریں گے بلکہ انہیں ترقی کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدارنے قلعہ دیدار سنگھ میں زیادتی کے بعد طالبہ کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ واقعہ میں ملوث ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نوٹس پر گوجرانوالہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیاہے۔ والد سے محبت کے عالمی دن پر پیغام میں عثمان بزدارنے کہا ہے کہ والد محترم اپنی اولاد کیلئے سایہ دار شجر کی مانند ہوتے ہیں اور دین اسلام میں والد کی عزت و احترام کی بہت تلقین کی گئی ہے۔ والد سے محبت کے لئے کوئی دن مخصوص نہیں بلکہ ہمارا ہر لمحہ والد سے محبت کے لئے وقف ہونا چاہیے۔ عثمان بزدار سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا نے ملاقات کی۔ چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو محکمہ داخلہ کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ پنجاب کی کارکردگی اور محکمہ جیل خانہ جات میں اصلاحات کے حوالے سے اقدامات کو سراہا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیلوں کے نظام میں دوررس اصلاحات کی ہیں۔ سزا اور جزا کے بغیر کوئی نظام آگے نہیں بٖڑھ سکتا۔