اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بلوچستان کے علاقے مکران میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے نتیجے میں6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے جو علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کو پورام کے نزدیک وسطی مکران کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی، فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے علاقے سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے 6دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مذکورہ دہشتگرد پنگجور کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور بارودی سرنگیں بچھانے میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ملکی سکیورٹی، سلامتی اور خودمختاری کیلئے اپنے فرائض پورے کرتی رہے گی۔ پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مکران ، سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ کے 6 دہشت گرد ہلاک
Jun 20, 2022