کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شبیر قریشی کو خاتون سے دست درازی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی شبیر قریشی کو کلفٹن میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ مقدمہ خاتون سے دست درازی کی دفعہ کے تحت گزشتہ رات درج کیا گیا، ملزم رکن اسمبلی نے لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا تھا، ان کے خلاف سائٹ بی تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ شبیر قریشی کی اہلیہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ شبیر قریشی فجر کی نماز کے لیے نکلے تو گھر کے باہر سے پولیس نے انہیں گرفتار کیا، صبح 8 بجے جب میں اٹھی تو سی سی ٹی وی فوٹیج سے مجھے پتا چلا۔ دریں اثناء ان کی گرفتاری پر تحریک انصاف نے احتجاج کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیدیا۔ سابق گورنر عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ، راجہ اظہر اور دیگر رہنما ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور ان کی اہلیہ سے گرفتاری کی معلومات حاصل کیں۔ اسی طرح رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی اور شبیر قریشی کے بھائی قانون دان سابق جج اسحاق ایڈووکیٹ سائٹ بی تھانے پہنچ گئے۔ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق خاتون کی شکایت پر شبیر قریشی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انہیں گرفتار کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔ شبیر قریشی کی گرفتاری کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل نے شبیر قریشی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ حلیم عادل کا کہنا تھا کہ رات بھر دو پولیس موبائلیں شبیر قریشی کے گھر کے باہر موجود تھیں۔