خیبر پی کے کے سینکڑوں اساتذہ کا بنی گالہ میں دھرنا : مذاکرات نا کام 

Jun 20, 2022

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) خیبر پی کے کے ایڈہاک اساتذہ مطالبات کی منظوری کیلئے بنی گالہ میں عمران خان کے گھر کے باہر احتجاج کیلئے پہنچ گئے۔ احتجاج میںکے پی کے کے دور دراز علاقوں سے آئے سینکڑوں اساتذہ شریک ہیں۔ مظاہرین نے صوبے کے 58 ہزار اساتذہ کو تاریخ تقرری سے مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایڈہاک ٹیچرز نے کہا کہ تاریخ تقرری سے سنیارٹی اور سالانہ انکریمنٹ دیا جائے۔ چار سال سے خیبر پی کے میں کنٹریکٹ پر ملازمت کر رہے ہیں۔ پشاور میں بھی احتجاج کیا‘ لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ بنی گالہ میں احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ عمران خان مطالبات تسلیم کرائیں۔ ناکام ہونے کے بعد مظاہرین نے آگے جانے کا اعلان کر دیا۔ بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر ایڈہاک ٹیچرز کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ شدید نعرے بازی کی گئی۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا کہ اساتذہ سے گزارش ہے کہ پرامن رہیں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ روڈ بند ہونے سے مریضوں اور بنی گالہ کے رہائشیوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پولیس کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ کسی کو چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر تک نہ پہنچنے دیا جائے۔ پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور ایڈہاک ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔ ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنما عطاء الرحمن نے  بتایا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں سے اڑھائی گھنٹے کے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے۔ مراد سعید نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے سے بات کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ہم نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔ ہم پرامن انداز میں عمران خان کے دروازے پر دھرنا دیں گے۔مظاہرین نے روڈ بلاک کر دی جس سے بنی گالہ کی مین روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔

مزیدخبریں