مکرمی! اس مہنگائی کے دور میں سپیڈو بس اور میٹرو بس سروس غریب عوام کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے۔ خاص طور پر خواتین کے لئے میں بھی سپیڈو بس سے سفر کرتی ہوں سپیڈو بس کا سفر آرام دہ اور پر تحفظ ہے لیکن چند مسائل ہیں جن کا سامنا مسافر کو کرنا پڑتا ہے اور میں سپیڈو بس اتھارٹی کی توجہ ان مسائل کی طرف دلانا چاہتی ہوں۔ ایک تو یہ ہے کہ سپیڈو بس کے ٹرانسفر اسٹیشن میں مسافر ایک روٹ والی بس سے اتر کر دوسرے روٹ والی بس پر سوار ہوتے ہیں تاکہ اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ لیکن اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے ایک روٹ والی بس سٹاف پر کھڑی ہے اور دوسرے روٹ کی بس پہنچ جاتی ہے اور مسافر شکر کرتے ہیں کہ ان کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور وہ دوسری بس میں سوار ہو جائے لیکن ہوتا یہ ہے کہ مسافروں کے اترنے سے پہلے ہی دوسرے روٹ کی بس والا بس چلا کر لے جاتا ہے اور اکثر تو یہ بھی ہوتا ہے کہ مسافر دوسری بس کے دروازے تک پہنچ جاتے ہیں اور ڈرائیور صاحب بس کے دروازے بند کرتے ہیں اور روانہ ہو جاتے ہیں اور مسافر کو 10 سے 20 منٹ دوبارہ بس آنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔ میری سپیڈو بس اتھارٹی سے درخواست ہے کہ ٹرانسفر اسٹیشن پر بس کے رکنے کا دورانیہ تھوڑا زیادہ کر دیں خاص طور پر جب ایک بس کے ہوتے ہوئے دوسرے روٹ کی بس پہنچ جائے تو وہ مسافروں کے پہلی بس سے اتر کر دوسری میں سوار ہونے کا انتظار کرلیں۔ اس طرح مسافروں کو انتظار کی زحمت نہیں اٹھانے پڑے گی۔ دوسرا یہ کہ سپیڈو بس روٹ نمبر 4 جو چونگی امر سدھو سے آر اے بازار تک آتی ہے ان کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے 20 منٹ کے وقفہ سے ملتی ہے اور دیر سے آنے کی وجہ اس میں رش بھی بہت زیادہ ہو جاتا ہے کہ مسافر دروازے تک کھڑے ہو کر سفر کر رہے ہوتے ہیں۔ برائے مہربانی روٹ نمبر 4 پر بسوں کی تعداد زیادہ کی جائے تاکہ لوگوں کا ٹائم بھی بچے اور بسوں میں رش بھی کم ہو جائے گا۔(عطیہ فاطمہ والٹن)