چھتیں، دیواریں گرنے سے7 افراد جاں بحق ، آج سے بارش کا الرٹ

اسلام آباد+ ملتان+ بہاولپور (خبرنگار+ وقائع نگار+ نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے) محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ داخل ہوگا، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہے۔ ادھر کروڑ لعل عیسن میں چھت گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق ہو گئیں جبکہ کندیاں میں آسمانی بجلی مسجد کے مینار پر گرنے سے مسجد کا مینار ٹوٹ کر نیچے گر گیا۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں گھروں کی چھتیں، دیواریںگرنے کے نتیجے میں 3 خواتین بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حالیہ بارشوں سے ملک میں پانی کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے ملک بھر میں ہونے والی بارشوں سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا جس سے آبی قلت کا شکار صوبوں میں پانی کا بحران ختم ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سسٹم کے تحت کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں 21 سے 22 جون کے درمیان تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پیر سے 22 جون کے درمیان اسلام آباد، خیبرپی کے، پنجاب اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ موسلادھار بارشوں سے خیبرپی کے، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی بھی آسکتی ہے۔ لاہور، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبائی، گلگت بلتستان، اسٹیٹ اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے متوقع جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں بستی لسکانی والا میںکمرے کی چھت گرنے سے دو خواتین 40 سالہ (س) زوجہ محمد منیر، 62 سالہ (ا) زوجہ سعید ملبے تلے دبنے سے زندگی کی بازی ہار گئیں۔ ادھر علاوہ ازیں اڈا حافظ آباد کوٹ سلطان میں چھت گر گئی جس کے باعث کمرے میں سوئی ہوئی 3 سالہ صغراں جاں بحق ہو گئی۔ وہوا میں دیوار گرنے سے امان اﷲ جاں بحق ہو گیا ۔ بارش کے تالابی پانی میں 7 سالہ بچہ افضل ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ علاقہ در میں 20 بھیڑیں دیوار گرنے سے ہلاک ہو گئیں۔ علاوہ ازیں انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کا کہنا تھا کہ حالیہ بارش سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، صوبہ سندھ میں پانی کا بحران چند دن میں ختم ہوجائے گا۔
بارش/ حادثے

ای پیپر دی نیشن