شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)عالمی روحانی تحریک انجمن سرفروشان اسلام کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر عبدالجبار قادری نے کی، ریلی میں عصمت اللہ، فیض الرسول ڈوگر، حاجی عارف، اکبر وریا سمیت دیگر عہدیداران و ارکان کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی پریس کلب شیخوپورہ کے باہر پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرگئی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالجبار قادری و دیگرمقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی شان و ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ناموس رسالت کے تحفظ کی خاطر ہم کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں گستاخانہ خاکے شائع کرنے اور گستاخانہ بیانات دینے والے ملعون کسی رعایت کے مستحق نہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ جب تک بھارتی حکومتی جماعت کے دو ملعون رہنمارہنمائوں کو ناموس رسالت میںجسارت کی سزا نہیں ملتی تب تک بھارت سے ہر طرح کے تعلقات منقطع کئے جائیں اور سفیر کو فوری ملک بدر کرکے بھارتی حکومت پر واضح کیا جائے کہ پاکستان کے غیور عوام نبی رحمت ﷺ سے والہانہ محبت رکھتے ہیں اور انکی شان میں گستاخی کرنے والوں کاعبرتناک انجام چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مسلم امہ متحد ہو کر مربوط لائحہ عمل مرتب کرے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جسارت کی جرات نہ کرسکے۔
تحریک انجمن سرفروشان اسلام کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی
Jun 20, 2022