راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)حرم مقدس حضرت بی بی پاکدامن سلام اللہ علیہا لاہور حضرت امیر المومنین امام علیؓ ابن ابی طالب ؓ کی دختر نیک اختر اور حضرت مسلم ابن عقیلؓکی زرجہ محترمہ حضرت سیدہ رقیہ کبریٰ
سلام اللہ علیہا سے منسوب ہے،ملک کے طول وعرض سے کراچی تا سیاچن ہر سال لاکھوں زائرین اس زیارت کے لیے لاہور آتے ہیں،ہزاروں زائرین عقیدت ومودت کی وجہ سے دور دراز سے شدید گرمی و سردی میں پیدل چل کر اس مزار کی زیارت کرتے ہیں افسوس صد افسوس گذشتہ دو سال سے تعمیر و توسیع کے نام پراس مزار اقدس کو مکمل بند کردیاگیاہے ،جس سے کروڑوں عقیدت مندوں کے دل زخمی،اور لاکھوں زائرین کی آنکھیں زیادت کو ترس گئی ہیں ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس اتحاد المومنین پاکستان علامہ منورعباس علوی،سپریم کونسل کے رکن مدثر عباس کا ظمی،شیخ مظہر علی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مزارات و عبادت گاہوں کو تعمیر و توسیع کے نام پر بند رکھنا ایک غیر قانونی و غیر اخلاقی اقدام ہے،آج تک وطن عزیز پاکستان میں جتنے بھی مزارات کی تعمیر و توسیع کا کام شروع کیاگیا،کبھی کسی دربار و مزار کو تعمیر و توسیع کا نام لیکر بند نہیں کیاگیا،حضرت سخی لال شہباز قلندر،سید علی ہجویری،بری امام،ہزاروں مثالیں موجود ہیں کہ کبھی تعمیر و توسیع کے نام پر مزار یا دربار کو بند نہیں کیاگیا۔ انہوں نے مرکزی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ ہر صورت میں یکم ذوالحجہ سے مزار کو کھولاجائے بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور ذمہ دار اداروں پر ہوگی،اگر یکم ذوالحج تک مزار پاک نہ کھولا گیا تو ہم ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے۔