نبی ؐ کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے ‘حسین احمد مدنی 

Jun 20, 2022


کراچی (سٹی نیوز)معروف اسکالر حسین احمد مدنی نے کہا ہی کہ بھارت کی مودی سرکار نے اسلام دشمنی کی انتہا کردی ہے بھارت کے مظلوم ومجبور مسلمانوں پراحتجاج کرنے کی پاداش میں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ نبی ؐ کی حرمت پر ہم آنچ بھی نہیں آنے دیں گے ہمیں بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بھارت کے مکروہ عزائم کے خلاف مل کر آواز اٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے زیر اہتمام سہراب گوٹھ ٹاؤن کی حلقہ کاٹن سوسائٹی میں منعقد’’حرمت رسول کانفرنس ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ کاٹن کے ناظم کاشف احمد، کارکنان اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے فیملی کے ہمراہ شرکت کی۔ خواتین کے لیے پردے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔حسین احمدمدنی نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد جہل کے اندھیرے چھٹ گئے اور نور اسلام کی منور کرنوں نے انسانوں میں بلکہ پورے معاشرے میں انقلاب برپا کردیا۔ کفر وجہل  کی قوتوں نے اس انقلاب کو ختم کرنے کے لیے اسلام اور مسلمانوں کو ختم کرنے کی اسلام دشمن سازشوں سے مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی،یہ سلسلہ آج تک جاری ہے لیکن پھونکوں سے یہ چراغ بجھا یا نہ جائے گا۔ نبی کریم صلّی اللہ علیہ وسلم کے ذکر اللہ نے قرآن مجید کے ذریعے تا قیامت بلند کردیا ہے ۔یہود و نصاری مسلمانوں کے ایمان اور حب رسول صلی اللہ علیہِ وسلم کا امتحان  لینے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتے ہیں جو کسی غیرت مندمسلمان سے ہرگز برداشت نہیں ہوسکتی۔حال ہی میں ہندوستان میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی مذموم کوشش کی گئی ہے اس کے خلاف پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔ ہم کیسے اس ذات اقدس کی شان میں گستاخی برداشت کر سکتے ہیں کیونکہ یہ ہماری دینی حمیت ہماری روح اورہمارے ایمان کا معاملہ ہے۔ 

مزیدخبریں