20 بھارتی ماہی گیر لاہور روانہ،آج واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے ہونگے 


کراچی(این این آئی)گزشتہ5سال سے کراچی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو حکومتِ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت اتوارکی صبح ملیر جیل سے رہا کر کے لاہور روانہ کر دیا ہے، جنہیں پیر کی دوپہر واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔کراچی میں نیشنل ہائی وے پر واقع ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپرنٹنڈنٹ محمد ارشد کے مطابق 20 بھارتی ماہی گیروں کو کورٹ پولیس اور ایدھی فائونڈیشن کی انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے مطابق 20ماہی گیروں کو لاہور کے واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے تمام سفری اخراجات ایدھی فائونڈیشن نے اداکیئے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے ماہی گیروں کو خصوصی بس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا ہے۔جیل پولیس کی ٹیم بھی بس میں ماہی گیروں کے ساتھ جائے گی جو دیگر انتظامات کرے گی۔ایدھی فائونڈیشن کے مطابق حسبِ سابق ماہی گیروں کے سفری اخراجات کے علاوہ انہیں اخراجات کے لیے رقم اور کچھ تحائف بھی دیے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن