اوور ایج بھرتیاں، اسحا ق میو مقصود گھمن وغیرہ کیخلاف کارروائی نہ ہوئی

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)واسا میں اوور ایج بھرتی اور جعلسازی سے پرموشن لینے والے رانا اسحا ق مئیو اور مقصود گھمن وغیرہ کے خلاف اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد اب تک ان کے خلاف انکوائری نہ ہونے پر واسا ملازمین پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں،نیو واسا لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری رانا توقیر حسین اور سینئر نائب صدر نیو واسا لیبر یونین طارق وسیم ڈار نے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے اور ایم ڈی واسا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان کالی بھیڑوںکو برطرف کرکے سرکاری خزانے کے نقصان کا ازالہ کیا جائے اور اس مدت کے دوران جو مراعات ان فراڈیوںنے لی ہیں وہ ان سے واپس لی جائیں، ان کی جعلسازی سے جن ملازمین کی حق تلفی ہوئی ہے ان کو ان کا حق دلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ رانا اسحاق مئیو جو کہ واسا  میں ڈرائیور سکیل نمبر4اوورایج بھرتی ہوا اور بعد میں غیر قانونی طور پر سکیل نمبر11میں جونیئر کلرک پرموٹ ہوگیا حالانکہ کیڈر تبدیل کرنا کسی کے اختیار میں نہ تھا۔ رانا اسحا ق مئیو اور مقصود گھمن وغیرہ کے خلاف متعدد بار ڈائریکٹر جنرل اور مینجنگ ڈائریکٹر واسا کو درخواستیں بھی دی گئی مگر یہ اتنے بااثر ہیں کہ مختلف طریقہ سے انتظامیہ پر پریشر ڈالتے رہے اور اپنے خلاف انکوائری نہ ہونے دی اب بھی جب سینئر نائب صدر نیو واسا لیبر یونین طارق وسیم ڈار نے ان کے خلاف انکوائر ی کے لئے ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کو درخواست دی تو انہوں نے جلسے جلوسوں کی شکل میں انتظامیہ پر پریشر ڈالنے کی ناکام کوشش کی ۔ راناتوقیر حسین نے مزید کہا کہ اسحاق مئیو ،مقصود گھمن ،محسن رضا اور اسماعیل مئیو کی غیر قانونی بھرتی کے خلاف اگر ایک ہفتے میں فوری محکمانہ کاروائی نہ ہوئی تو جوڈیشل انکوائری کے لئے عدالت میں جائوں گا ۔

ای پیپر دی نیشن