5 ملکی باسکٹ بال چیمپین شپ: پاکستان سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے مدمقابل ہوگا

Jun 20, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر) 5 ملکی انٹرنیشنل باسکٹ بال چیمپئین شپ کے سیمی فائنلز کی لائن اپ مکمل ہو گئی۔ پاکستان سیمی فائنل میں آج بنگلہ دیش سے مد مقابل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مالدیپ کے شہر مالے میں جاری 5 ملکی ٹورنامنٹ میں باسکٹ باسکٹ بال ٹیم نے لیگ راونڈ میچز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوے آخری تینوں میچز اپنے نام کئے۔ لیگ راونڈ میں پاکستان نے مالدیپ کو 63-65پوائٹس سے، بھوٹان کو  53-76پوائنٹس اوربنگلہ دیش کو 66-84پوائنٹس سے شکست دی تھی جبکہ نیپال سے پہلے میچ میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آج کھیلے جانیوالے سیمی فائنل مقابلوں میں پہلے سیمی فائنل میچ میں نیپال اور بھوٹان مد مقابل ہونگے جبکہ پاکستان دوسرے سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش سے پنجہ آزمائی کرے گا۔ قومی باسکٹ بال ٹیم سات سال کے بعد کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ پاکستان باسکٹ فیڈریشن عہدے داران کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے بہت تعاون کیا ہے۔ باسکٹ بال فیڈریشن پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ ملکر کھیل کے فروغ اور بہتری کے لیے کام کرتی رہے گی۔پانچ ملکی چیمپئین شپ میں قومی باسکٹ بال ٹیم کی قیادت محمد شہباز علی کررہے ہیں ، قومی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں عبد الوہاب ، محمد عمیر جان، زین الحسن خان، محمد شاہد، عماد احمد ،ضیا الرحمن، ثاقب اللہ محسود، مہتاب اکرم ، شیراز اسلم شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں ملک محمد ریاض (ہیڈ کوچ) ، عمر محمود(کوچ) اور احمد علی ٹیپو (ٹیم منیجر)  ہیں۔

مزیدخبریں