لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیٹ میں بولنگ سے سفر کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم تک رسائی پانے والے کرکٹر عامر جمال نے عبدالرزاق اور اظہر محمود کی طرح آل رائونڈر بننے کو ہدف بنا لیا۔ایل سی سی اے میں جاری فاسٹ بولرز کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹر عامر جمال کا کہنا تھا کہ جس ٹیسٹ ٹیم کے نیٹ بولر کے طور پر آیا۔ اب اسی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہوں۔ اس سے بڑی خوشی میرے لیے اور کیا ہوسکتی ہے۔ جس فارمیٹ میں اور جہاں بھی پرفارم کرنے کا موقع ملا۔ 100فیصد کارکردگی دکھا کر ٹیم میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں گا۔ عامر جمال نے کہا کہ ہر قسم کے حالات میں ہمیشہ پر امید رہا ہوں اور ہمیشہ خود پر اعتماد رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا کام محنت کرنا ہے، اگر سری لنکا میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے کا موقع ملا تو اس سے فائدہ اٹھائوں گا۔