اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) ایران کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایرانی نیوی کے کمانڈر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون اور علاقائی میری ٹائم سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ شہرام ایرانی نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر کو اجاگر کیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ ساتھ سپیس، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر اور نیش ٹیکنالوجیز میں ترقی نے قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کیئے ہیں۔ ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت کے حصول اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی اور ایک پرامن و مستحکم خطے کے لئے کام کرنے کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔