ساہیوال‘ سمندری: پیسٹی سائیڈ ڈیلر ایسوسی ایشن کی ہڑتال

ساہیوال‘ سمندری‘ اوکاڑہ ( نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) پیسٹی سائیڈ کمپنیوں ٗڈیلرز اور ایمپلائز ایسوسی ایشن کی حکومتی بے بنیاد کارروائیوں کے خلاف غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع، پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین رئوف الرحمن ٗپنجاب ڈیلرز کے سینئر نائب صدر نعیم پاشا  و دیگر اور مقامی عہدیداروںکے فیصلے کے مطابق حکومتی بے بنیاد کارروائیوں کے خلاف ساہیوال و گردونواح میں ہڑتال شروع کر دی ہے اور ڈیلرز نے گلستان روڈ پر ہڑتالی کیمپ لگاکر کاروبار بند کر دیا ہے۔  پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کے ترجمان افتخار خان ودیگر نے بتایاہے کہ محکمہ زراعت کی طرف سے کئے گئے سیمپلنگ کے 98 فیصد رزلٹ درست آنے کے باوجود پیسٹی سائیڈز ڈیلرز ٗکمپنیوں کے خلاف کارروائیاں ظلم کے مترادف ہے جبکہ بغیر لائسنس کے کام کرنے والی 2 فیصد کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کی بجائے اپنا سٹاک اور سٹورز ڈیکلیئر کرنے والوں کے خلاف کارروائی اب برداشت سے باہر ہے۔ جبکہ پنجاب بھر کی طرح محکمہ زراعت اور انتظامیہ کے تضحیک آمیز رویہ کے خلاف پنجاب پیسٹی سائیڈ ڈیلر ایسوسی ایشن کی کال پر اوکاڑہ میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ پیسٹی سائیڈ سیلرز نے اپنے مطالبات کے حق میں ریلی نکالی اور اوکاڑہ پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیسٹی سائیڈ ڈیلر ایسوسی ایشن اوکاڑہ کے صدر راؤ فیصل رحمان نے کہا کہ محکمہ زراعت اور پلانٹ پروٹیکشن کے پاس زرعی ادویات کی کوالٹی کو چیک کرنے کا ایک میکنزم موجود ہے اور سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں پیسٹی سائیڈ سیمپلنگ کے لحاظ سے کوالٹی کا تناسب 98 فیصد ہے، جو کہ تسلی بخش ہے لیکن اس سیکٹر کی سپورٹ کے بجائے اس کو پولیس کے ذریعے مزید کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیدران چوہدری عمر حیات اور حاجی امتیاز نے ہڑتالی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی قائم کی گئی سپیشل فورس کو مسترد کرتے ہیں۔ سپیشل فورس اور محکمہ زراعت نے پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے جس کے ذریعے زرعی ادویات کے کاروبار کو تباہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل فورس لائسنس ہولڈرز کی تذلیل اور ہراساں کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن