کم عمر شادی: دولہا‘ نکاح رجسٹرار‘ گواہان کے خلاف کارروائی کی جائے: لاہور ہائیکورٹ

Jun 20, 2023

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق پنوں نے قرار دیا ہے کہ صرف بیان دینے پر لڑکی کے بالغ ہونے کا یقین نہ کیا جائے، تاریخ پیدائش کے ثبوت دیکھے جائیں۔ عدالت نے رخسانہ بی بی اور ارشاد بی بی کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ عمر کے تعین کیلئے شناختی کارڈ، ب فارم یا سکول سرٹیفکیٹ دیکھا جائے ، کم عمر دولہا، نکاح رجسٹرارز اور ایسی شادی کے گواہان کیخلاف بھی کارروائی جاری رکھی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری بلدیاتی کو عدالتی حکم پر عملدرآمد کی رپورٹ 23 جون کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے محکمہ بلدیات کو صوبہ بھر کے نکاح خوانوں اور سیکرٹری یونین کونسلز کی تربیت کروانے کا حکم دیا۔ محکمہ بلدیات نے کم عمر بچوں کی شادیوں کے متعلق قانون پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ عدالت نے 9 نکاح خوان اور 3 سیکرٹری یونین کونسلز کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ کم عمری میں شادی کرنے والوں کیخلاف مزید کیا کارروائی کی گئی، آئندہ سماعت پر آگاہ کیا جائے، بچوں کی کم عمری میں شادی رکوانے کا ایکٹ 1929ء موجود ہے۔

مزیدخبریں