لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ یونان میں سینکڑوں پاکستانیوں کے ڈوبنے کی خبریں تشویشناک ہیں۔ دلخراش واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، یونان کشتی حادثہ حکومتی نا قص معاشی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ جب ملک میں غربت اور بیروزگاری عروج پر ہوگی تو نوجوان بہتر مستقبل کے لیے جائز اور ناجائز راستہ اپنانے پر مجبور ہونگے۔ یونان حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں اور اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیاں چھوڑ کر بے پناہ مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے میں سنجیدہ ہوتے تو آج سینکڑوں گھرانے سمندر کی لہروں کی نذر نہ ہوتے۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم، کمزور قوانین، معاشی پالیسیوں میں عدم استحکام اور اشرافیہ کو نوازنے کا نتیجہ نوجوان نسل بھگت رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے انسانی سمگلروں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کرے تاکہ لواحقین کو انصاف مل سکے۔
حکومت شفاف تحقیقات سے انسانی سمگلروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے: سعد رضوی
Jun 20, 2023