پنجاب بجٹ عوام کی محرومیوں‘ مراعات یافتہ طبقے پر نوازشات کا ڈاکومنٹ: سراج الحق

Jun 20, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میئر سلیکشن کو جماعت اسلامی اور شہر کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ 23جون کو بدترین دھاندلی کے خلاف اسلام آباد میں الیکشن کمشن کے مرکزی دفتر کے باہر عظیم الشان مظاہرہ ہو گا۔ سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے کے دوران ریکارڈ توڑ دھاندلی ہوئی۔ 30بلدیاتی نمائندوں کا الیکشن والے دن غائب ہو جانا جمہوریت اور کراچی کی تاریخ کا افسوس ناک واقعہ ہے، لگتا ہے کہ پیپلزپارٹی نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔ ظلم پر خاموش نہیں رہیں گے، حق کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کارکنوں  سے خطاب اور مختلف ٹی وی انٹرویوز میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی شہادت پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور حادثے کے ذمہ داران پاکستان میں موجود انسانی سمگلروں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے مافیا کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مرحومین کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی نااہلی کا نتیجہ ہے کہ نوجوان مایوس ہو کر باہر بھاگ رہا ہے۔ انتخابات میں التوا کے بیانات آ رہے ہیں، بتانا چاہتا ہوں کہ ایسی کوششیں آئین کا انحراف ہو گا جس کی جماعت اسلامی بھرپور مخالفت کرے گی۔ ادارے غیر سیاسی ہو جائیں اور عوام کو آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔  پنجاب کا بجٹ بھی مرکز کی طرح غریب عوام کی محرومیوں اور مراعات یافتہ طبقہ پر نوازشات کا ڈاکومنٹ ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے اقتدار میں آکر ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، ملک میں 11کروڑ افراد خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کمزور کو انصاف نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ غربت، مہنگائی اور افراتفری پاکستان میں ہے، جس کی ذمہ دار کوئی اور نہیں ملک کی حکمران اشرافیہ ہے۔ 

مزیدخبریں