دجالی فتنے کا خاتمہ کردیا ، اب سر نہیں اٹھا سکتا، فضل الرحمن 

Jun 20, 2023


اسلام آباد(نا مہ نگار، نوائے وقت رپورٹ)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمہ پر کون سی حکومت رورہی ہے ، موم بتی مافیا رورہا ہے، اسرائیل رورہا ہے، یورپ میں جو اسرائیل نواز لابی ہے وہ رورہی ہے،برطانیہ میں کنزرویٹوفرینڈزآف اسرائیل کے نام سے باقاعدہ ایک تنظیم جسے چیئرمین پی ٹی آئی کا سابق سسرال چلا رہا ہے، امریکی کانگریس میں فرینڈز آف اسرائیل کمیٹی اور ان کے یہودی ہمنوا، آج وہی چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت میں رورہے ہیں۔ آج چیئرمین پی ٹی آئی کا تختہ الٹ دیا گیا اورآنے والے وقت میں اس کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا خواب بھی کوئی نہیں دیکھ سکتا، اس فتنے کی سرکوبی کردی گئی، دجالی فتنے کا خاتمہ کردیا گیا، دوبارہ اب سرنہیں اٹھا سکتا۔ان خیالات کااظہار مولانا فضل الرحمان نے ٹانک میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے جس حکومت کے خلاف تحریک چلائی، جس حکومت کے خلاف کلمہ حق بلند کیا، جب دنیا کو یقین نہیں آرہا تھا سمجھ رہے تھے کہ ہماری کوئی ذاتی جنگ ہے، ہم کیوں یہ کہہ رہے ہیں کہ ان حکمرانوںکے پاس پاکستان کا ایجنڈا نہیں، ان حکمرانوںکے پاس بیرونی ایجنڈا ہے اور یہودیوں کاایجنڈا ہے۔ علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمان نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے رابطہ کیا ۔ذرائع کے مطابق فضل الرحمان اور سردار اختر مینگل نے دوران گفتگو ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی۔ دونوں قائدین نے جلد اسلام آباد میں ملاقات پر اتفاق کیا۔دونوں رہنما آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر بات کریں گے۔
فضل الرحمان

مزیدخبریں