لاہور (خبر نگار) پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں میں بد عنوانی کا معاملہ اینٹی کرپشن کورٹ میں سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر فریقین کے دلائل مکمل ہو گئے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ سپیشل جج انٹی کرپشن علی رضا اعوان نے کیس کی سماعت کی۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر عبد الصمد نے پرویز الہی کی درخواست کے خلاف دلائل مکمل کر لئے جبکہ پرویز الہی کی جانب سے رانا انتظار ایڈووکیٹ پہلے ہی اپنے دلائل مکمل کر چکے تھے۔ سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا پرویز الہی اور دیگر ملزمان نے تحریری امتحان میں فیل ہونے والے 12 امیدواروں کو پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 میں ملازمت دی گئی۔ ڈاکومنٹس اور ریکارڈ میں ٹمپرنگ کے واضح شواہد ملے ہیں جس کے آٹھ نمبر تھے وہ امیدوار بھرتی ہو گیا جس کے اٹھاون نمبر تھے اس کو فیل کر دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں۔ پرویز الٰہی جعلی بھرتی سکینڈل میں ملوث ہیں۔ ان کی درخواست ضمانت خارج کی جائے۔
فیصلہ محفوظ