لاہور (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ معاشی ترقی اور انتظامی استحکام کے بغیر اداروں کا ارتقائ ممکن نہیں۔ وقف املاک کو نفع بخش بنانا بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے حصول میں اوقاف اسٹیبلشمنٹ سرگرمِ عمل اور سرخرو ہے۔ محکمہ اوقاف کے زیر انتظام وقف رقبہ جات کے سالانہ نیلام عام سے محصولات ِ زَر اور زیادہ سے زیادہ ریونیو کو لیکشن کے حصول کے لیے محکمانہ پالیسی کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، جس کے لیے اِس سال کا ریونیو گزشتہ سال سے 30 فیصد زیادہ متوقع ہے۔ اس ضمن میں اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک جامع حکمتِ عملی کے ذریعے جیو میپنگ کے توسط سے ہر لاٹ (زمینی رقبہ) کا ریٹ مقررکیا ہے، جس سے کم پہ لاٹ نیلام نہ ہوگی۔ اس میں اِردگرد کے ریٹ، زرِپٹہ اور نیلامی کی مشتہری و منادی کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں فیلڈ افسران کی کاوشیں بھی لائقِ تحسین ہیں، دوماہ سے جاری نیلام ِ عام کا یہ سلسلہ اختتامی مرحلے میں ہے، جس میں پنجاب بھر کے سرکل منیجران اوقاف نے، ایک پروفارمہ کے ذریعے نیلام شدہ رقبہ جات، تاحال عدم نیلام شدہ رقبہ جات، موقع پر ناجائز کاشت اور موقع پر خالی رقبہ سمیت دیگر تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں، تاکہ باقی ما ندہ زرعی اراضی کا بھی قواعد کے مطابق نیلا م ممکن بنایا جاسکے۔