پنجاب کے 10 اضلاع میں خسرہ سے بچاو¿ کی خصوصی مہم شروع 

Jun 20, 2023

لاہو(نیوز رپورٹر) نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب کے 10 اضلاع میں خسرہ سے بچاو¿کے لئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ نگراں وزیر پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگا کر مہم کا افتتاح کر دیا جو 24 جون تک جاری رہے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے دوران پنجاب کے 10 اضلاع کی 147 یونین کونسلوں میں چھ ماہ سے 5 سال تک عمر کے 15 لاکھ بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔اس کے علاوہ ان بچوں کو پولیو اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ لاہور شہر کی 80 یونین کونسلوں میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی ویکسین لگائی جائے گی۔ دیگر 9 اضلاع میں صرف خسرہ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کی 42، جھنگ کی 12، حافظ آباد کی 3، نارووال، سیالکوٹ، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی دو دو جبکہ گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کی ایک ایک یونین کونسل میں بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی درخواست پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن خصوصی مہم کے لئے تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کر رہا ہے۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ حکومت دو سال سے کم عمر بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاو¿ کی ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے۔ بروقت حفاظتی ٹیکے نہ لگوانے والے والدین اپنی لاپرواہی سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

مزیدخبریں