کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن دفاتر میں ہفتے کے 5 روز کام ہوتا ہے ان کے لیے 29 جون اور 30 جون (جمعرات اور جمعہ) تعطیل ہوگی۔ علاوہ ازیں جن دفاتر میں ہفتے کے 6 روز کام کیا جاتا ہے ان کے لیے 29 جون تا یکم جولائی (جمعرات تا ہفتہ) تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ عید الاضحی میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئےجانوروں کو اللہ کی راہ میں قربان کرتے ہیں جن کا گوشت عزیز و اقارب اور مستحقین میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کل ذوالحج کا چاند نظر آگیا تھا جس کے بعد عید 29 جون 10 ذوالحج کو منائی جائے گی۔ اس ضمن میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد ابوالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذی الحج 20 جون 2023 کو ہوگی اور عید الاضحیٰ 29 جون 2023 کو منائی جائے گی واضح رہے کہ 2 روز قبل سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا، سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ یوم عرفہ بروز منگل 27 جون کو ہوگا اور عید قرباں کا پہلا روز 28 جون بروز بدھ ہوگا۔ اسی طرح عمان کی وزارت مذہبی امور نے بھی اعلان کیا تھا کہ سلطنت میں بھی عیدالاضحیٰ 28 جون کو ہی منائی جائے گی.