لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویزالٰہی ضمانت منظور ہونے کے بعد ایک نئی مشکل میں پھنس گئے۔ ایف آئی اے میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے مقدمے کی سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان کی ضمانت منظور کرلی۔عدالت کے جج علی رضا نے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا اور چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
بعد ازاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے خلاف ایف آئی اے حکام نے ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔ان کیخلاف مقدمہ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں درج ہوا. درج مقدمے میں ان کے صاحبزادے مونس الہٰی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ کیس میں پرویزالہی کو گرفتارکر لیا جائے گا ان کو کیمپ جیل میں اینٹی منی لانڈرنگ سرکل ٹیم گرفتارکرے گی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو عدالتوں سے ضمانتیں ہونے کے بعد متعدد مرتبہ مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔