پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ سری لنکا کے شیڈول کا اعلان ہوگیا

Jun 20, 2023 | 16:50

ویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے شیڈول کا اعلان کردیا، دونوں میچز گال اور کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل 2 روزہ وارم اَپ میچ کھیلے گی، بعدازاں پہلا ٹیسٹ میچ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا.یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں قومی ٹیم نے گزشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کرکے چار وکٹوں سے ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کولمبو اسٹیڈیم کے سپرد ہے جو 24 سے 28 جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا. قومی ٹیم نے یہاں آخری مرتبہ 2014ء میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ اس میدان میں پاکستانی ٹیم 6 ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جن میں سے ایک جیتا ہے ایک میں اسے شکست ہوئی ہے جبکہ 4 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔قومی ٹیم نے آخری مرتبہ گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کیا تھا جہاں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی، دونوں ٹیسٹ میچز گال میں کھیلے گئے تھے۔پاکستان نے پہلا ٹیسٹ 4 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں 246 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی تھی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز پاکستانی ٹیم کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کی پہلی سیریز ہے۔

مزیدخبریں