چیئرمین سینٹ کا خوشیوں میں مظلوم فلسطینیوں کو یاد رکھنے کا عہد

ملک بھرکی طرح ملتان میں بھی عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ملک وقوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے لئے خصوصی طور پر دعائیں کی گئیں، علماء کرام و خطباء￿ نے عید الاضحی کے فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالی اور فرزندان اسلام نے سنت ابراہیمی ادا کی نماز عید الاضحی کے اجتماعات کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے جبکہ حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی داخلی و خارجی راستوں پربھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی،ملتان میں نماز عید کے بڑے  سے بڑے اجتماعات  اور مقامی مساجد میں میں امت مسلمہ ملک کی سلامتی و ترقی، فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔عید نماز کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نماز عید موسیٰ پاک شہید دربار ملتان میں ادا کی، سنئیر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے نماز عید شاہی عیدگاہ ملتان میں ادا کی جبکہسابق وزیر خارجہ و سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت بہاء￿  الدین زکریا ملتانی مخدوم شاہ محمود قریشی کی یہ عید بھی اڈیالہ جیل میں گذری، انکے صاحبزاے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین قریشی نے نماز عید حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی کے دربار پر ادا کی۔ 
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بدھ کی صبح دربار حضرت موسیٰ پاک شہید پر نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملکی معاشی حالت کو بدلیں۔  انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا وفد چیمبر میں آکر مجھ سے ملا اور مطالبہ کیا کہ پارلیمانی لیڈر اور لیڈر آف دی اپوزیشن بنایا جائے اور ہم ان کو بنا بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی جیل میں رہا ہوں، سیاسی مخالفین کے معاملات زیرِ سماعت ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کو ضرور یاد رکھا جائے، فلسطینیوں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جانی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن بہادر جوانوں پر حملے کر رہے ہیں، آج کے دن اپنے ملک کی حفاظت کے دوران شہادت پانے والوں کو بھی یاد رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا مجھے مشکل حالات میں بہت بڑی ذمہ داری دی گئی ہے، عام شہری کو محسوس ہونا چاہیے کہ ریلیف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ وفاق کی علامت ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا،ہماری کوشش ہوگی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کے لئے ساتھ لیکرچلیں، ایوان بالا اور ممبران کی عزت واحترام پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ بعدازاں گیلانی ہاؤس ملتان میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلاء، سیاسی عمائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔  اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت کو ملکی مسائل کا ادراک ہے، ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ الگ صوبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سرائیکی صوبے کے قیام کے لئے جدوجہد کی، ہم نے سینٹ سے بل پاس کروایا اور اب مزید رائے عامہ ہموار کر کے صوبے کے قیام کے لئے مزید اقدامات کریں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم دستور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اْن عظیم ہستیوں کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے قوم کو 1973 کے آئین کا مسودہ دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہمارا 1973  دستور  وفاق پاکستان اور تمام اکائیوں میں اتحاد کا ذریعہ ہے۔ تمام جمہوری قوتوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آئین پاکستان کی بقاء اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوںنے مقامی تاجروں اور عمائدین شہر کو یقین دلایا کہ ملتان میں خصوصی اقتصادی زون بنائے جائینگے جس سے روزگار اور ملتان کی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔عید کے بعد ملتان کے ترقیاتی کام نظر آنا شروع ہو جائے گے۔
 مزید برآں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے عید الاضحیٰ اپنے آبائی علاقے بہاولپور میں منائی، عیدالاضحی کے حوالے سے ملک ظہیر اقبال چنڑ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق عید الاضحی ایام میں بہاول پور ضلع میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو درست انداز میں اور بروقت تلف کیا گیا۔ اس سلسلے میں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران و سٹاف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رانا محمد طارق خان نے کہا کہ عید الاضحی ایام میں بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران و سٹاف اور عملے نے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہری و دیہی علاقوں میںاس کام کو احسن انداز میں انجام دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ ضلعی انتطامیہ، ضلع کونسل، بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹی کے کنٹرول روم شکایات کے تدارک کیلئے سرگرم اور فعال ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن