گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات استحکام اور معاشی ریلیف کی طرف جا رہے ہیں۔ پاکستان کے آج کے حالات میں اگرچہ عوام کو بہت سے چیلنجز ہیں۔ اب کہیں کہیں دور سے روشنی کی کرنیں نظر آرہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کو معلوم ہے مہنگائی اور بیروزگاری کے چیلنجز ہیں۔ یہ جو استحکام مشکل سے حاصل کیا اس کی حفاظت کرینگے۔ جو وسائل کی کمی ہے ان وسائل کو حاصل کرنے کے لیے فیصلہ کیا گیا جو ادارے بوجھ ہیں ان کو بند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو اور اپنی رہائشگاہ پر آنیوالے وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے مزید کہا کہ بجٹ انتہائی مشکل وقت میں بنایا گیا تھا۔اسٹیٹ بینک نے شرح سود کم کی جس سے بجٹ میں 600 ارب کا فرق آیااور ریلیف ملا ہے۔استحکام جاری رہا اور ہم شرح سود کم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو حکومت کے پاس وسائل موجود ہونگے کہ ہم عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کر سکیں گے۔
ملکی حالات استحکام ‘معاشی ریلیف کی طرف جا رہے ہیں:خرم دستگیر خان
Jun 20, 2024