لاہور(سپورٹس رپورٹر)یورو کپ فٹ بال میں سلواکیہ نے فیفا کی عالمی نمبر 3 رینک ٹیم بیلجیئم کو ایک صفر سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں کھیلے گئے میچ میں سلواکیہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بیلجیئم کو مات دے دی۔ان کی جانب سے گول ساتویں منٹ میں ایون شرنیز نے سکور کیا۔ بیلجیئم کے کھلاڑیوں نے گول برابر کرنے کی پوری کوشش کی مگر وہ خسارہ پورا نہیں کرسکے۔ایک اور میچ میں رومانیہ نے یوکرین کو 3 صفر سے مات دے دی۔میونخ میں کھیلے گئے میچ میں یوکرین کے کھلاڑیوں نے مقررہ وقت کے 72 فیصد حصے میں گیند اپنے پاس رکھی مگر اس کے باوجود وہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ رومانیہ کو جب جب موقع ملا اس نے حریف کے خلاف گول سکور کیا۔ ان کی جانب سے پہلا گول 29ویں منٹ میں نکولے اسٹین شیو نے سکور کیا۔ پہلے ہاف میں مقابلہ ایک صفر سے رومانیہ کے حق میں تھا۔ دوسرے ہاف میں رومانیہ کی ٹیم نے مزید دو گول بنائے ،یہ گول 53 ویں منٹ میں رزوان مارن اور 57 ویں منٹ میں ڈینس ڈریگس نے سکور کیے۔