لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی پر ہیڈ کوچ گیری کرسٹین نے پاکستانی کرکٹرز کو کھری کھری سنادی اور آئرلینڈ کیخلاف میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں کرکٹرز اکٹھا ہوئے تو سب کچھا چٹھا کھول کر رکھ دیا۔دعویٰ کیا کہ آئرلینڈ کے خلاف میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں گیری کرسٹین قومی کرکٹرز پر سیخ پا نظر آئے اور کھلاڑیوں پر برہمی اور ناراضی کا اظہار کیا۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ یہ ٹیم درحقیقت ٹیم ہے ہی نہیں کیونکہ اس میں اتحاد کی کمی ہے اور کوئی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں اختلافات ہیں اور کسی کو ٹیم میں دلچسپی نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ کھلاڑیوں کے پاس ماڈرن ڈے کرکٹ کی کوئی اسکل موجود نہیں اور کسی کو کچھ نہیں معلوم کہ کون سا شاٹ کب کھیلنا ہے۔گیری کرسٹین نے کھلاڑیوں کے فٹنس لیول پر بھی اظہارِ برہمی کیا۔