پاکستانی فرنیچر کی عالمی منڈیوں میں برآمد سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے‘میاں کاشف 

Jun 20, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان اعلیٰ معیار کا ہاتھ سے کندہ فرنیچر عالمی منڈیوں میں برآمد کر کے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ بدھ کو یہاں میاں فریاد احمد رضا آرائیں کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہاتھ سے کندہ فرنیچر اپنے پیچیدہ ڈیزائن اور اعلیٰ معیار کی وجہ سے خاص طور پر یورپ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطیٰ جیسی بڑی مارکیٹوں میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم روایتی دستکاری اور معیار پر توجہ مرکوز کر کے دنیا بھر میں نفیس اور بلند قیمت فرنیچرکے خواہشمند خریداروں کو راغب کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا   مارکیٹنگ کی جدید  حکمت عملی، بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت اور عالمی ریٹیل کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک الائنس کر کے برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں