فیروزوالہ(نامہ نگار) شاہدرہ اور تحصیل فیروز والہ میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ نماز عید کے 400 کے قریب اجتمامات ہوئے ۔ سب سے بڑا اجتماع کامران پارک جامع مرکزی مسجد لبیک یا رسول اللہ شاہدرہ میں ہوا۔ الحاج علامہ پیر نصیر احمد قادری نے خطاب میںکہاکہ مستحق افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کر نے سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے۔ قربانی کا گوشت گھروں میں رکھنے کی بجائے شریعت کے مطابق تقسیم کریں۔ علامہ الحاج پیر نصیر احمد قادری نے کہا ابراہیم علیہ السلام کا اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے لخت جگرکو قربانی کیلئے پیش کرنا عظیم مثال ہے جس سے مسلمانوں کو یہ درس ملتاہے کہ ہم آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہیں اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہر صورت یقینی بنائیں۔