انسانیت  کیلئے عید کی خوشیاں قربان کرنیوالے اصل ہیرو ہیں:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(نیوز رپورٹر)پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے جنرل ہسپتال  میں مسلسل 10 سالوں سے عید پر ڈیوٹی سر انجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز کو  تعریفی اسناد دینے کا اعلان کر دیا -پروفیسر الفرید ظفر  نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے عید کی خوشیاں قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں ۔جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین ڈی سی این ایس زمرد خورشید اور انتظامی ڈاکٹر ز بھی موجود تھے۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے تیسرے روز ہسپتال کے تفصیلی دورہ کے دوران کیا۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے ایمر جنسی‘ سرجیکل، آئی سی یو، بچہ وارڈ و دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ قبل ازیں پرنسپل پی جی ایم آئی نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ہسپتال میں عید الاضحی کے ایام میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے 24 گھنٹے ڈایلسز کی بلا تعطل سہولت کی فراہم کی گئی، 130 مریضوں کے حکومتی پالیسی کے مطابق مفت ڈائیلسز کیے گئے۔

ای پیپر دی نیشن