پتوکی، قلعہ دیدار سنگھ، فاروق آباد، شیخوپورہ، بھکھی، لاہور (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) پنجاب اور خیبرپی کے میں عید قربان پر بسیار خوری کی وجہ سے 1200 سے زائد افراد ہسپتال پہنچ گئے۔ عید پر ٹریفک حادثات میں دو بہنوں، ایک خاندان کے پانچ افراد سمیت 18 جاں بحق، تین نوجوان ڈوب گئے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 610 گیسٹرو کے مریض لائے گئے، جن میں زیادہ تر مریض بسیار خوری اور گوشت زیادہ کھانے کی وجہ سے بھی آئے۔ ہسپتالوں ترجمان کے مطابق اس دوران جانوروں کی ٹکر سے زخمی ہونے والے افراد بھی ہسپتال لائے گئے۔ جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 500 افراد ہسپتال لائے گئے۔ پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 2200 مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 180 گیسٹرو، ڈائریا اور پیٹ درد کی شکایت پر لائے گئے تھے۔ لاہور کے جناح ہسپتال میں 130 سے زائد جبکہ سروسز ہسپتال میں 100، گنگارام اور میاں منشی میں بھی 100، 100 سے زائد مریض لائے گئے۔ شیخم اڈہ کے قریب کار کو موٹرسائیکل کو ٹکر سے حجرہ شاہ مقیم کی 2 بہنیں فاطمہ، عائشہ جاں بحق، گلہن پھاٹک کے قریب کار کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے باپ بیٹا عبادت اور رضوان زخمی ہو گئے۔ میانوالی میں ٹریفک حادثے میں سات افراد چل بسے۔ سیاحتی مقام نلتر میں سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق، بچہ زحمی ہو گیا۔مقامی پارک میں بنے ہوئے سوئمنگ پول میں نہم جماعت کا طالب علم نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ مقامی پولیس نے پارک انتظامیہ کے پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ اْگو چک میں بنے ہوئے’’مقامی پارک وسوئمنگ پول‘‘ میں محلہ اشرف ٹائون کا رہائشی 13 سالہ کلاس نہم کا طالب علم حماد مغل اگو چک میں واقع احمد ریزارٹ پارک میں بنے ہوئے سوئمنگ پول میں نہانے گیا تھا عید کے پہلے روز بچے کے گھر صف ماتم بچھ گئی۔ مقامی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سجاول فاروق، بشارت علی، توقیر احمد، ولید حسین عادل علی اور آٹھ کس نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے پارک کو سیل کردیا اور تین افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ واقعہ پارک انتظامیہ کی مبینہ غفلت کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم مقامی پولیس مصروف تفتیش ہے۔ فاروق آباد کے قریب اپر گوگیرہ نہر میں گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے دوستوں کیساتھ نہانے جانے والا عبداللہ ڈوب گیا۔ ریسکیو 1122 کی غوطہ خور ٹیمیں نعشیں تلاش کر رہی ہیں۔ دریائے راوی میں نوجوان ڈوب گیا۔ عید، ٹرو اور مرو کے ایام میں شیخوپورہ اور نواح میں مختلف حادثات میں ایک ہی فیملی کے پانچ افراد سمیت7 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ قصبہ سچا سودا کے قریب قریبی گائوں پنڈور کے قریب لینڈ کروز سوار تیز رفتاری کے دوران گاڑی کو زیگ زیگ کرتے ہوئے سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل پر سوار ایک ہی فیملی کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔ چونگی امر سدھو کا رہائشی شہزاد اپنی بیٹیوں، بیٹوں اور بھانجی کے ہمراہ گجرپورہ جارہا تھا کہ گائوں پنڈورکے قریب حادثہ کا شکار ہوگئے۔ فاروق آباد کے رہائشی وقاص عرف وکی نے لینڈ کروز رینٹ پر حاصل کی اور مذکورہ جگہ کے قریب تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی کو زیگ زیگ کررہا تھا کہ اسی دوران شہزادکی موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا جس سے شہزاد اس کے بیٹے فیضان، سفیان، بیٹیاں فضہ اور مہک موقع پر جاں بحق جبکہ ان کی بھانجی نور ریاست شدید زخمی ہوگئی۔ صفدر آباد رشتہ داروں کو ملنے آ رہے تھے۔ حادثہ کے وقت لینڈ کروزر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ تھانہ صدر فاروق آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اس کیخلاف علی رضا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔ المناک حادثے کی خبر سن کر ہر آنکھ اشکبار تھی۔